علی امین گنڈاپور کو ملکہ کا نشان دینے کاحکم

پشاور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی امین گنڈاپور کی درخواست منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو حکم دیا ہے کہ علی امین گنڈاپور کو ملکہ کا نشان دیا جائے۔

پی ٹی آئی کے امیدوار علی امین گنڈاپور کی انتخابی نشان سے متعلق درخواست پر پشاور ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔

جسٹس شکیل احمد اور جسٹس وقار احمد نے درخواست پر سماعت کی۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ عدالت یہ معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیجوا دے، خلاف ورزی ہوئی ہو تو ہم آر اوز کے خلاف کارروائی کریں گے۔

عدالت نے سوال کیا کہ کیا درخواست گزار کو یہ منظور ہے کہ یہ معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیج دے۔

جس پر درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو معاملہ بھیجوا دیا تو ہم دلدل میں پھنس جائیں گے۔

پشاور ہائی کورٹ نے کہا کہ جب اداروں پر اعتماد ختم ہو جاتا ہے تو پھر ایسا ہی ہوتا ہے۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ ہم آر اوز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کریں گے، ان حلقوں کے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام ہم نے روک دیا ہے۔

عدالت نے کہا کہ یہ ایک اچھی بات ہے کہ الیکشن کمیشن کے وکیل نے غلطی مان لی، ان کو ملکہ نشان دیں، آر او کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کریں۔