ژوب :سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ، 7 دہشت گرد ہلاک

بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ سیکٹر میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔

ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے، جن کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشت گردوں کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔