میاں نواز شریف کا مانسہرہ میں ایئر پورٹ بنانے کا اعلان

مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف نے مانسہرہ میں ایئر پورٹ بنانے کا اعلان کر دیا۔

مانسہرہ میں انتخابی جلسے سےخطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا اور سستی بجلی فراہم کی، لوگوں کو روزگار دیا، سستی گیس فراہم کی۔

نواز شریف نے کہا کہ ہماری حکومت کو مدت پوری کرنے دی گئی ہوتی تو اگلی حکومت بھی ہماری ہوتی، ہمارے دور میں مہنگائی نہیں تھی، ان ظالموں نے پاکستان کا ستیاناس کر دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ آج ہم دنیا میں بہت پیچھے رہ گئے ہیں، ہم نے ڈالر کو 104 روپے پر باندھ رکھا تھا، آج یہ کنٹرول نہیں ہو رہا، بہت عمدہ پاکستان چھوڑ کر گیا تھا، جن لوگوں نے بگاڑنا تھا وہ بگاڑ کر چلے گئے۔

سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان کو دوبارہ پٹری پر لانا آسان کام نہیں، ملک کی دوبارہ تعمیر کرنا ہو گی، خیبر پختون خوا والو! آپ بھی اس جھوٹے شخص کے جھانسے میں آ گئے، آپ نے اس جھوٹے شخص کو ووٹ دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن ہمارے بہت اچھے ساتھی ہیں، 2013ء کے الیکشن کے بعد وہ میرے پاس آئے کہ خیبر پختون خوا میں ہم مل کر حکومت بنائیں، میں نے مولانا سے کہا کہ آپ درست کہتے ہیں مگر عددی اعتبار سے پی ٹی آئی کا پہلا حق ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ اب خیبر پختون خوا کو سنوارنے کا وقت آ گیا ہے، اللّٰہ تعالیٰ نے موقع دیا تو مانسہرہ میں میڈیکل کالج بنائیں گے، خوشی ہو رہی ہے کہ ہم دوبارہ ملے ہیں، لیکن ملکی حالات دیکھ کر خوشی نہیں ہو رہی۔

ان کا کہنا ہے کہ کے پی کے عوام سے پوچھتا ہوں کہ یہاں 10 سال جن کی حکومت رہی انہوں نے کیا بنایا یہاں پر، میں وزیرِ اعظم تھا، یہاں وزیرِ اعلیٰ کسی اور پارٹی کا تھا۔

مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ ان ہاتھوں سے موٹر وے بنائی، جب وہ تیار ہوئی تو میں جیل میں تھا، اگر مجھے نہ ہٹایا جاتا تو اسلام آباد سے لے کر مانسہرہ اور مظفر آباد تک ٹرین چل رہی ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کراچی تک موٹر وے بنانے کا منصوبہ بنایا ہوا تھا، مگر پچھلی حکومت نے سکھر سے آگے موٹر وے بڑھنے نہیں دیا۔

میاں نواز شریف نے کہا کہ میرے دور میں سبزیاں 10 روپے فی کلو میں مل رہی تھیں، جنہوں نے بگاڑنا تھا وہ بگاڑ کر چلےگئے ہیں، یہ پاکستان کے ساتھ ظلم ہے، جان جوکھوں کا کام ہے، دوبارہ پاکستان کی تعمیر کرنی ہو گی۔

ان کا کہنا ہے کہ ان لوگوں نے پہلے سے زیادہ اس صوبے کو بگاڑ کر رکھ دیا ہے، اگر مسلم لیگ ن کی حکومت آئی تو مانسہرہ میں خوبصورت ایئر پورٹ بنے گا، کراچی سے مانسہرہ تک ٹرین چلے گی۔

نواز شریف نےکہا کہ اگر ہماری حکومت بنی تو یہاں کالج اور یونیورسٹی بھی بنے گی، سب چیزیں سستی ملیں گی، روزگار بھی ملے گا، نوجوانوں کے ہاتھوں میں کمپیوٹر ہوں گے۔