مشہور سیاست دانوں کے مدمقابل کون الیکشن لڑ رہا ہے؟

پاکستان میں 8 فروری کو عام انتخابات ہونے جا رہے ہیں، اس مرتبہ لگ بھگ 18000 امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں جن میں سے 11785 آزاد اور 6031 امیدوار مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ ہیں۔

پاکستان کے کئی مشہور سیاست دان اس مرتبہ بھی الیکشن کے میدان میں ہیں، ان مشہور سیاستدانوں کے خلاف کون الیکشن لڑ رہا ہے؟ آئیں دیکھتے ہیں۔

نواز شریف

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیرِ اعظم نواز شریف قومی اسمبلی کے لیے دو حلقوں سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

مانسہرہ کے حلقے 15 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار زار گل خان اور جمعیت علمائے اسلام کے مفتی کفایت اللّٰہ ان کے مدمقابل ہیں۔

لاہور کے حلقے این اے 130 سے پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد اور تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے محمد خرم ریاض، نواز شریف کے مدمقابل الیکشن لڑیں گے۔

آصف علی زرداری
سابق صدر آصف علی زرداری شہید بے نظیر آباد کے حلقے این اے 207 سے الیکشن لڑ رہے ہیں جہاں ان کے مدمقابل پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار سردار شیر محمد رند اور آزاد امیدوار سجاد حسین شاہ نقوی ہیں۔

مولانا فضل الرحمٰن
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن قومی اسمبلی کے دو حلقوں سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔

ڈیرہ اسماعیل خان کے حلقے این اے 44 سے پی ٹی آئی کے علی امین خان اور پیپلز پارٹی کے فیصل کریم کنڈی ان کے خلاف میدان میں ہیں۔

پشین کے حلقے این اے 265 سے مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف عوامی نیشنل پارٹی کے عبدالرشید ناصر، آزاد امیدوار اسفند یار خان کاکڑ اور پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے امیدوار سید ظہور احمد آغا الیکشن لڑ رہے ہیں۔

سراج الحق
امیرِ جماعت اسلامی سراج الحق لوئر دیر کے حلقے این اے 6 سے میدان میں ہیں اور یہاں سے پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے محمد بشیر خان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے محمد حنیف خان ان کے سامنے کھڑے ہیں۔

شہباز شریف
سابق وزیرِ اعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف بھی قومی اسمبلی کے دو حلقوں سے قسمت آزما رہے ہیں، لاہور کے حلقے این اے 123 سے پاکستان تحریک انصاف کے افضال عظیم اور جماعت اسلامی کے لیاقت بلوچ ان کے سامنے میدان میں ہیں۔

قصور کے حلقے این اے 132 سے شہباز شریف کا مقابلہ پی ٹی آئی کے سردار محمد حسین ڈوگر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شہیم صفدر کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی قومی اسمبلی کے دو حلقوں سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔

لاہور کے حلقے این اے 127 سے پی ٹی آئی کے ملک ظہیر عباس کھوکھر اور مسلم لیگ ن کے عطا اللّٰہ تارڑ ان کے سامنے الیکشن لڑ رہے ہیں۔

لاڑکانہ کے حلقے این اے 194 سے بلاول بھٹو زرداری کے خلاف جمعیت علمائے اسلام کے راشد محمود سومرو الیکشن لڑ رہے ہیں۔

مریم نواز
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز لاہور کے حلقے این اے 119 سے انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں جہاں پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار شہزاد فاروق اور ٹی ایل پی کے امیدوار محمد ظہیر ان کے مدمقابل ہیں۔

جہانگیر ترین
استحکام پاکستان پارٹی کے چیئرمین جہانگیر ترین بھی دو حلقوں سے قسمت آزما رہے ہیں، ملتان کے حلقے این اے 149 سے پی ٹی آئی کے ملک محمد عامر ڈوگر اور آزاد امیدوار مخدوم محمود جاوید ہاشمی ان کے خلاف میدان میں ہیں۔

لودھراں کے حلقے این اے 155 سے مسلم لیگ ن کے صدیق خان بلوچ اور پی ٹی آئی کی امیدوار عفت طاہرہ سومرو جہانگیر ترین کے خلاف الیکشن لڑ رہی ہیں۔

خالد مقبول صدیقی
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کراچی کے حلقے این اے 248 سے الیکشن لڑ رہے ہیں، ان کے مقابلے میں پی ٹی آئی کے ارسلان خالد اور جماعت اسلامی کے محمد بابر خان میدان میں ہیں۔

شیخ رشید
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید راولپنڈی کے حلقے این اے 56 سے میدان میں ہیں، ان کے خلاف مسلم لیگ ن کے محمد حنیف عباسی اور پی ٹی آئی کے امیدوار شہریار ریاض الیکشن لڑ رہے ہیں۔

پرویز خٹک
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) پارلیمنٹیرینز کے چیئرمین پرویز خٹک نوشہرہ کے حلقے این اے 33 سے الیکشن لڑ رہے ہیں، پی ٹی آئی کے سید شاہ احد علی شاہ اور جے یو آئی کے امیدوار اعجاز الحق ان کے مدمقابل میدان میں ہیں۔

علیم خان
استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے صدر علیم خان لاہور کے حلقے این اے 117 سے میدان میں ہیں، ان کے خلاف آزاد امیدوار ابرار الحق اور پی ٹی آئی کے علی اعجاز الیکشن لڑ رہے ہیں۔

گوہر علی خان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما گوہر علی خان بونیر کے حلقے این اے 10سے الیکشن لڑ رہے ہیں، جماعت اسلامی پاکستان کے بخت جہاں خان اور عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار عبدالرؤف ان کے خلاف کھڑے ہیں۔

اسد قیصر
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر سوابی کے حلقے این اے 19 سے قسمت آزما رہے ہیں، جے یو آئی کے مولانا فضل علی اور اے این پی کے امیدوار شاہ نواز خان زادہ ان کے خلاف الیکشن لڑ رہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمٰن
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کراچی کے حلقے این اے 246 سے الیکشن لڑ رہے ہیں، ایم کیو ایم پاکستان کے سید امین الحق اور پی ٹی آئی کے ملک محمد عارف اعوان ان کے خلاف میدان میں ہیں۔

حمزہ شہباز شریف
سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف لاہور کے حلقے این اے 118 سے الیکشن لڑ رہے ہیں، پی ٹی آئی کی عالیہ حمزہ اور ٹی ایل پی کے عابد حسین ان کے خلاف میدان میں ہیں۔