سائفر کیس میں سزا کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کریں گے:علی ظفر

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی ظفر کا کہنا ہے کہ سائفر کیس میں سزا کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کریں گے۔

علی ظفر نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی صورت اسے ٹرائل نہیں کہہ سکتے، انصاف کے تقاضے پورے ہونا تو دور، انصاف کی دھجیاں اڑا دی گئیں۔

اُنہوں نے کہا کہ کل رات 12 بجے تک کیس چلتا رہا اور وکیلوں کو کمرۂ عدالت میں آنے ہی نہیں دیا گیا۔

دوسری جانب، چیئر مین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کارکنوں سے پر امن رہنے اور قانون ہاتھ میں نہ لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ پر اعتماد ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ہماری توجہ الیکشن سے ہٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن 8 فروری کو سب کا محاسبہ ہوگا۔

علاوہ ازیں، ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے اپنے بانی چیئرمین اور وائس چیئرمین کی سزاؤں کو مسترد کردیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین اور وائس چیئرمین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، عوام کے بے گناہ قائدین کو ظالمانہ سزائیں سنائے جانے کی مذمت کرتے ہیں۔

‎رؤف حسن نے کہا کہ قانون و انصاف کی بنیادوں سے محروم فیصلہ عدل کے کسی میزان پر ٹھہر نہیں پائے گا، بانی چیئرمین کی ہدایات اور تعلیمات کی روشنی میں پُرامن رہیں گے اور ہر ناانصافی کا بدلہ ووٹ سے لیں گے۔