شعیب شاہین اور علی بخاری کی درخواست پر ان کے ووٹرز کو ہراساں نہ کرنے کا حکم

اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد کے 2 حلقوں کے امیدواروں پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین اور علی بخاری کی درخواست پر ان کے ووٹرز کو ہراساں کرنے سے روکنے کا حکم دے دیا۔

شعیب شاہین اور علی بخاری کی لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے کی شکایات پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے سماعت کرتے ہوئے ایس ایس پی آپریشن اور الیکشن کمیشن حکام کو منگل کو بلا لیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے دونوں حلقوں میں ووٹرز کو ہراساں کرنے سے روک دیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے کہا کہ اعلیٰ حکام کو بلا کر کہہ دیتے ہیں کہ درخواست گزار بار کے سینئر رہنما اور سینئر وکلاء ہیں۔

شعیب شاہین اور علی بخاری نے الیکشن مہم میں رکاوٹ کے خلاف دائر درخواست کر رکھی ہے۔

شعیب شاہین نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ پولیس اپنی حرکتوں سے باز نہیں آ رہی۔،

علی بخاری نے عدالت کو بتایا کہ جب ہمارے لوگ کارنر میٹنگ کرتے ہیں تو پیچھے سے انہیں روکنے پولیس آ جاتی ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے سوال کیا کہ آپ بتا دیں کس کو بلاؤں، کس کو آرڈر کروں ؟

علی بخاری نے استدعا کی کہ ایس ایس پی کو بلائیں، شہزاد ٹاؤن اور رورل کے پولیس حکام کو بھی بلائیں۔

شعیب شاہین نے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن حکام کو بھی بلائیں ۔

عدالتِ عالیہ نے دونوں کی استدعا منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن حکام اور ایس ایس پی آپریشنز کو منگل کو طلب کر لیا ۔