شہباز شریف وزیراعظم جبکہ مریم نواز وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے کیلئے نامزد

مسلم لیگ (ن)کی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے اعلان کیا ہے کہ ن لیگ کے قائد نوازشریف نے شہباز شریف کو وزیراعظم جبکہ مریم نواز کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے کیلئے نامزد کیا ہے۔

قبل ازیں مسلم لیگ (ن)‘ پیپلزپارٹی‘ایم کیو ایم ‘ق لیگ ‘ استحکام پاکستان پارٹی اور بلوچستان عوامی پارٹی نے اتحادی حکومت بنانے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں چوہدری شجاعت کی رہائش گاہ پر ملکی سیاسی جماعتوں کا اجلاس ہوا جس میں آصف زرداری‘شہباز شریف‘خالد مقبول، صادق سنجرانی ودیگر نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں چوہدری شجاعت نے کہا کہ سب کو مل کر بحرانوں سے نکلنا ہوگا‘سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ مل بیٹھ کر حکومت بنانے کا فیصلہ کیا ہے‘ہم چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی بھی مفاہمت کے اس عمل کا حصہ بنے‘ہم سے بات کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ معاشی ایجنڈے پر سب کو ایک ہونا ہوگا‘مل کر آگے چلنا ہوگا۔ خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کا پہلے بھی ساتھ دیا تھا اب بھی دیں گے۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ ہم میاں صاحب کے ساتھ کھڑے تھے، کھڑے ہیں۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی کے پاس اکثریت ہے تو وہ لے آئے‘ ہم اپوزیشن میں بیٹھیں گے‘ صدر پاکستان کا فیصلہ ان ساتھیوں نے کرنا ہے‘ مشاورت سے فیصلے کریں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے‘ اپنے اختلافات ختم کرکے قوم کوآگے لے کرجانا ہے۔ مہنگائی اور قرضوں کوکم کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو جماعتیں یہاں اکٹھی ہوئی ہیں وہ دو تہائی اکثریت رکھتی ہیں آئیں آگے بڑھیں میثاق معیشت کو آگے بڑھائیں‘ میاں نواز شریف سے درخواست کروں گا کہ وزیراعظم کا عہدہ قبول کریں۔