امریکہ :بھارتی جوڑا بچوں سمیت گھر میں قتل

بھارتی جوڑا بچوں سمیت امریکی ریاست کیلیفورنیا کے گھر میں قتل کردیا گیا۔

بھارتی ریاست کیرالہ سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے چار افراد، میاں، بیوی اور دو جڑواں بچے منگل کے روز 13 فروری کو کیلیفورنیا کے سان میٹیو شہر میں اپنے گھر کے اندر مردہ پائے گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق امریکی پولیس کا بتانا ہے کہ میاں بیوی کے جسموں پر گولی لگنے کے نشانات موجود ہیں جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس حکام کا خیال ہے کہ یہ ممکنہ طور پر قتل یا خودکشی ہو سکتی ہے۔

’این بی سی بے ایریا‘ کی رپورٹ کے مطابق مرنے والے بھارتیوں کی شناخت 42 سالہ آنند سجیت ہینری، ان کی اہلیہ 40 سالہ ایلس پریانکا بینزیگر اور ان کے 4 سالہ جڑواں بیٹوں کے طور پر ہوئی ہے۔

پولیس کا بتانا ہے کہ جوڑے کے دوستوں اور دفتر والوں کی جانب سے پولیس کو اطلاع موصول ہوئی تھی جس پر بھارتی جوڑے کے گھر پہنچنے پر پولیس افسران کو 4 افراد مردہ حالت میں ملے۔

پولیس کے مطابق بھارتی جوڑے کے گھر زبردستی داخلے کے کوئی نشان موجود نہیں تھے لیکن ایک کھڑکی کھلی ہوئی تھی جہاں سے پولیس افسران اس گھر میں داخل ہوئے۔

پولیس نے شوہر اور بیوی کی لاشیں باتھ روم سے برآمد کیں، دونوں کے جسموں پر گولیوں کے زخم تھے، جائے وقوعہ سے ایک نائن ایم ایم پستول اور بھاری بھرکم میگزین بھی برآمد کی گئی ہے۔

دوسری جانب اس جوڑے کے جڑواں بچے ایک کمرے سے مردہ حالت میں ملے جن کی موت پر تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس افسران نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ان دونوں بچوں کی موت گلا گھونٹنے یا زہر دینے سے واقع ہو سکتی ہے کیوں کہ ان کے جسموں پر کسی قسم کے کوئی نشانات موجود نہیں تھے۔

پولیس کا بتانا ہے کہ گھر سے کوئی خودکشی سے قبل لکھا گیا نوٹ بھی نہیں ملا، آنند اور ایلس، دونوں آئی ٹی پروفیشنلز تھے اور پچھلے نو برسوں سے امریکا میں مقیم تھے۔