ہماری جیتی ہوئی سیٹوں کو مسلم لیگ ن کی جھولی میں ڈالا گیا:بیرسٹر سیف

تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ ہماری جیتی ہوئی سیٹوں کو مسلم لیگ ن کی جھولی میں ڈالا گیا۔

جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ کوشش ہوگی اپنی تمام نشستیں قانونی، عدالتی یا احتجاج سے حاصل کریں۔

انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی کام نہیں کریں گے جس سے عدم استحکام ہو، آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے احتجاج کریں گے، ہم پارلیمان اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے احتجاج کرتے رہیں گے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ ایوان میں عوامی مفاد میں فیصلے ہوں گے تو حمایت کریں گے، حلف اس لیے تھا کہ آزاد امیدوار ساتھ رہیں گے، بعض عناصر عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امیدوار کی حلف کی خلاف ورزی کا معاملہ اللّٰہ پر چھوڑتے ہیں، ہمارے پاس قانونی کارروائی کا اختیار اس لیے نہیں کہ یہ آزاد منتخب ہوئے ہیں۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ سے متعلق بانی پی ٹی آئی کا مؤقف واضح ہے ، اس وقت تک مؤقف یہی ہے کہ مرکز اور پنجاب میں اپوزیشن میں بیٹھیں گے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ ہماری کوئی باضابطہ ملاقات یا تجویز زیرِ غور نہیں۔