انتخابات میں مبینہ دھاندلی ،سندھ بھر میں الیکشن پٹیشنز کی سماعت کیلئے ٹربیونل تشکیل

انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے معاملات پر چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے صوبے بھر میں الیکشن پٹیشنز کی سماعت کے لیے ٹربیونل تشکیل دے دیے۔

اس حوالے سے رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق کراچی ڈویژن کے لیے پرنسپل سیٹ ہائیکورٹ میں الیکشن پٹیشن کی سماعت ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی ڈویژن الیکشن پٹیشن کی سماعت کے لیے 2 بینچ تشکیل دیے گئے ہیں۔ بینچ ون جسٹس محمد کریم خان آغا اور بینچ ٹو جسٹس عدنان اقبال چوہدری پر مشتمل ہوگا۔

اسی طرح سکھر ڈویژن کی الیکشن پٹیشن کی سماعت جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کریں گے جبکہ حیدرآباد ڈویژن کی الیکشن پٹیشن کی سماعت جسٹس امجد علی سہتو کریں گے اور لاڑکانہ ڈویژن کی الیکشن پٹیشن کی سماعت جسٹس محمد سلیم جیسر کریں گے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ٹریبونلز انتخابات میں ہونے والی مبینہ دھاندلی سے متعلق درخواستوں کی سماعت کریں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق الیکشن کمیشن سندھ نے الیکشن پٹیشن کی سماعت کے لیے ٹربیونل کی تشکیل کے لیے خط لکھا تھا۔