اسماعیل ہنیہ کا سانحہ بہت بڑا ہے وہ بہت بڑی شخصیت تھے:مولانا عبدالغفور حیدری

جے یو آئی کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کا سانحہ بہت بڑا ہے وہ بہت بڑی شخصیت تھے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ ایران کی دعوت پر گئے، کیا ایران کی سیکیورٹی فورسز کی ناکامی سمجھا جائے؟ بظاہر اسرائیل نے جنگ کو وسعت دینے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ مسلسل اسرائیلی قبضے کے خلاف جدوجہد کرتے رہے، ان کے بیٹے، اہلیہ، بیٹی اور ان کے خاندان کے کئی لوگ شہید کیے گئے، امریکا اور اسرائیل کی کوشش ہوتی ہے چن چن کر مخالفین کو قتل کرائیں۔

مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا ہے کہ مسلم دنیا اب تک لفاظی پر ہی اکتفا کر رہی ہے، کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا، فلسطین اپنی جنگ صرف خود ہی لڑ رہا ہے، اگر مسلم دنیا صرف دو روز کے لیے تیل بند کر دے امریکا اسرائیل گھٹنے ٹیک دے گا۔

جے یو آئی کے رہنما نے یہ بھی کہا کہ او آئی سی اور عرب لیگ کس مرض کی دوا ہے؟ جمعے کو ملک بھر میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر مظاہرے کریں گے۔