ہم نے اب تک حالات کو کنٹرول میں رکھا ہے، مہنگائی کی وجہ سے لوگوں میں غم و غصہ ہے:حافظ نعیم الرحمٰن

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہم نے اب تک حالات کو کنٹرول میں رکھا ہے، مہنگائی کی وجہ سے لوگوں میں غم و غصہ ہے۔

راولپنڈی میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ حکومت ہمارے احتجاج کو کمزور نہ سمجھے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے مطالبات جائز ہیں، یہ 25 کروڑ عوام کے مطالبات ہیں، ہمارا مطالبہ بجلی کے بلوں میں کمی اور آئی پی پیز کو لگام دینے کا ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ ہر حکومت نے آئی پی پیز کو فائدہ پہنچایا اور پاکسستان کو نقصان ہوا، بھاشا ڈیم کا بجٹ 14 سو ارب روپے تھا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ تنخواہ دار لوگ مزید ٹیکس برداشت نہیں کرسکتے، جو شخص پہلے سے ٹیکس دے رہا ہے وہ مزید ٹیکس کیسے برداشت کرے۔

ان کا کہنا ہے کہ تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ آٹا، دال، اسٹیشنری پر بھی ٹیکس لگا دیا گیا ہے، جاگیرداروں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے۔