راولپنڈی :جماعتِ اسلامی کا دھرنا مؤخر ہونے کے بعد سامان ہٹانے کا عمل جاری

راولپنڈی میں جماعتِ اسلامی کا دھرنا مؤخر ہونے کے بعد دھرنے کے مقام سے سامان ہٹانے کا عمل جاری ہے۔

جماعتِ اسلامی کے دھرنے کے شرکاء کی بڑی تعداد گھروں کو روانہ ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز جماعتِ اسلامی اور حکومتی کمیٹیوں کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے، جس کے بعد امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے 14 روز سے جاری دھرنا مؤخر کرنے کا اعلان کیا تھا۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ جماعتِ اسلامی کے مطالبات پر عمل درآمد کے لیے معاہدہ طے پا گیا ہے، دھرنا مؤخر کر رہے ہیں، ختم نہیں کر رہے۔

انہوں نے کہا کہ کل دھرنے کے مقام پر جلسہ کریں گے اور دھرنے کو مؤخر کرنے کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔

امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ حکومت نے معاہدے پر عمل نہ کیا تو دھرنا پھر شروع ہو گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ دھرنا صرف مؤخر کیا ہے، معاہدے پر پہرہ دیں گے۔