غزہ جنگ بندی، یرغمالیوں کی رہائی کیلئے مذاکرات اگلے ہفتے پھر ہوں گے

غزہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے مذاکرات اگلے ہفتے پھر ہوں گے، بات چیت اب قاہرہ میں ہوگی۔

امریکا، قطر اور مصر کی جانب سے قطر مذاکرات پر مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ واشنگٹن نے جنگ بندی سے متعلق نئی تجاویز پیش کی ہیں جن پر مشاورت جاری رہے گی۔

اعلامیے کے مطابق امریکا نے سیزفائر سے متعلق نئی تجویز پیش کی، امریکی تجویز گزشتہ ہفتے کے دوران طے پانے والے معاہدے کے نکات پر مبنی تھی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات کار امریکی تجاویز پر مشاورت جاری رکھیں گے، جانیں بچانے، غزہ کے لوگوں کو ریلیف دینے اور علاقائی کشیدگی کم کرنے کا راستہ طے کر لیا گیا ہے۔

مذاکرات میں امریکا، مصر، قطر اور اسرائیل کے نمائندوں نے شرکت کی، حماس نے مذاکرات میں حصہ نہیں لیا تاہم اسے پیش رفت سے آگاہ کر دیا گیا۔

حماس کا مؤقف ہے کہ اس سے پہلے مذاکرات میں جو اتفاق ہوا تھا اسرائیل نے اس کی پاسداری نہیں کی۔

امریکی صدر بائیڈن نے کہا ہے کہ کسی بھی فریق کو غزہ جنگ بندی ڈیل تک پہنچنے کی کوششوں کو کمزور نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو امریکی حمایت کی یقین دہانی کیلئے وہ امریکی وزیر خارجہ کو اسرائیل بھیجیں گے تاکہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق معاہدے پر پیشرفت ہوسکے۔