مریم نواز اپنے وزیرِ اعظم چچا سے مطالبہ کریں کہ وہ بجلی کی قیمت کم کر دیں:ترجمان سندھ حکومت

ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ میڈم سر! آپ اپنے وزیرِ اعظم چچا سے مطالبہ کریں کہ وہ بجلی کی قیمت کم کر دیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ مریم بی بی! وزیرِ اعظم سے مطالبہ کریں کہ وہ اوور بلنگ اور لائن لاسز کو روکیں، پاکستان کو اب صرف اور صرف مسائل کے پائیدار حل اور ترقیاتی اقدام چاہئیں۔

سعدیہ جاوید نے کہا ہے کہ میڈم سر! لولی پاپ اقدام کے بجائے عوامی مسائل کے پائیدار حل پر آپ کو مطئمن ہونا چاہیے۔

ترجمان سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ لولی پاپ اقدامات عوام کو لوٹنے اور قومی خزانے پر ڈاکا ڈالنے کے مترادف ہیں، پنجاب کے 1 کروڑ 80 لاکھ سے زائد گھریلو صارفین کو 45 ارب روپے سے کتنا فائدہ ہوگا؟ یہ راکٹ سائنس نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 45 ارب روپے کے پیکیج اور اس کی تشہیر پر اربوں روپوں کی میڈیا مہم مالِ مفت دلِ بے رحم کے مترادف ہے۔

سعدیہ جاوید نے یہ بھی کہا ہے کہ بلوں میں ریلیف کے نام پر آئی پی پیز کو دیے جانے والے 45 ارب روپے عوام ہی کا پیسہ ہیں۔