چارسدہ: فنڈز و اختیارات کیلئے بلدیاتی نمائندوں کی احتجاجی ریلی

چارسدہ میں فنڈز کی عدم فراہمی اور اختیارات منتقل نہ کرنے پر بلدیاتی نمائندوں کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

فاروق اعظم چوک پر مظاہرین کی جانب سے بجٹ اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔

اجلاس میں اے این پی، جے یو آئی، قومی وطن پارٹی، پیپلزپارٹی اور جماعتِ اسلامی کے ارکان نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران مظاہرین نے شکوہ کیا کہ ڈھائی سال گزرنے کے باوجود گرانٹ اور اختیارات نہیں دیے گئے، پی ٹی آئی حکومت نے اختیارات نچلی سطح منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا، خیبر پختون خوا میں پی ٹی آئی اکثریت نہ ملنے پر اپنے وعدے سے مکر گئی ہے۔

اجلاس کے دوران سیاسی جماعتوں کے کارکنان اور مظاہرین کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا نے حال ہی میں ایم پی ایز کو 8، 8 کروڑ کے فنڈز جاری کیے ہیں، بلدیاتی اداروں کو فنڈز نہ ملنے سے کافی مشکلات کا سامنا ہے۔