پرویز الہٰی و دیگر کی پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی استدعا، فریقین سے جواب طلب

لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی اور دیگر کی پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی استدعا پر تمام فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے آئندہ ہفتے جواب طلب کر لیا۔

پرویز الہٰی، راسخ الہٰی اور زارا الہٰی کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت جسٹس شمس محمود مرزا نے کی۔

درخواست میں وزرات داخلہ کو بذریعہ سیکریٹری، ایف آئی اے سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی جانب سے درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ پرویز الہٰی پر درج مقدمات کی عدالتوں سے ضمانتیں منظور ہو چکی ہیں، وہ 20 ستمبر سے 5 اکتوبر تک عمرہ کے لیے اور انگلینڈ جانا چاہتے ہیں، نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ہونے کے باعث بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں نام ڈالنے کے اقدام کو کالعدم قرار دے اور پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے ناموں کو نکالنے کا حکم دے۔