تحریک انصاف کا جلسہ منعقد ہونے کے امکانات معدوم ہورہے ہیں

8ستمبر (آئندہ اتوار) تحریک انصاف کا جلسہ منعقد ہونے کے امکانات معدوم ہورہے ہیں۔ ’’جنگ‘‘ کے خصوصی رپورٹنگ سیل کو پتہ چلا ہے کہ اس جلسے کے حوالے سے تحریک انصاف کی اپنی صفوں میں سنگین ابہام پیدا ہوگیا ہے۔

جلسے کے انتظام و انصرام کے سلسلے میں قائم کردہ کوئی کمیٹی متحرک نہیں ہوئی اور نہ ہی اس کے بندوبست کیلئے ابتدائی تیاریوں پر توجہ دی گئی ہے۔

عام جلسے کیلئے محض چھپانوے گھنٹے رہ گئے ہیں اسٹیج بنانے، کرسیاں لگانے، دریاں بچھانے، روشنی و تزئین و آرائش کیلئے کسی کمپنی سے تحریک انصاف نے رابطہ تاحال نہیں کیا اور ڈی جے کا بھی انتظام نہیں کیا جاسکا۔

ذرائع کے مطابق خود تحریک انصاف کی طرف سے جلسہ کے منتظم کی حیثیت سے سیکورٹی کے کسی ادارے سے رابطہ نہیں کیا گیا۔سب سے بڑا مسئلہ اسٹیج پر بٹھائے جانے والے افراد کا چناؤ کرنا ہے۔

تحریک انصاف کے مختلف گروپس ایک دوسرے کے لوگوں کو برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ خیبر پختونوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور انتظام و انصرام کے سلسلے میں اہم کردار ادا کرنے والے ہیں وہ ایک ہفتے سے اسلام آباد نہیں آئے۔