محسن نقوی کو بورڈ چیئرمین شپ الیکشن میں بدترین دھاندلی کے انعام میں ملی:بیرسٹر محمد علی سیف

مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ کرکٹ کی بہتری بورڈ چیئرمین محسن نقوی کی ترجیحات ہی نہیں ہیں، محسن نقوی کو بورڈ چیئرمین شپ الیکشن میں بدترین دھاندلی کے انعام میں ملی۔

بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شہباز شریف حکومت میں شرمندگی کے نئے ریکارڈ بن رہے ہیں، بنگلا دیش کے ہاتھوں اپنے ہی ملک میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ محسن نقوی اور جعلی حکومت کی ترجیحات صرف پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ ہے۔

بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں بدترین کارکردگی کے بعد محسن نقوی نے ٹیم میں سرجری کا شوشہ چھوڑا تھا، اسی دن میں نے کہا تھا کہ سرجری فارم 47 حکومت کی ہونی چاہیے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ فارم 47 کی جعلی حکومت نے کرکٹ کے میدانوں کو بھی سیاست کی نذر کیا ہے۔

بیرسٹرسیف نے یہ بھی کہا ہے کہ ارشد ندیم نے اپنی ہی محنت پر ریکارڈ بنایا تھا، اس میں حکومت کا کوئی کردار نہیں تھا۔