اپوزیشن گرینڈ الائنس کا بلوچستان سمیت دیگر مسائل پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا مطالبہ

اپوزیشن گرینڈ الائنس نے بلوچستان سمیت دیگر مسائل پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا مطالبہ کیا ہے، اپوزیشن گرینڈ الائنس نے اے پی سی بلانے کے سلسلے میں تمام جماعتوں سے مشورہ کیلئے رابطہ کمیٹی تشکیل دیدی۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ مطالبات نہ مانے گئے تو ہم ملک گیر احتجاج کریں گے، اسد قیصر نے کہا کہ سنجیدگی سے بیٹھک ہونی چاہئے۔

گزشتہ روز اپوزیشن گرینڈ الائنس کا اجلاس محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان، اسد قیصر ، سردار لطیف کھوسہ، صاحبزادہ حامد رضا، ایم ڈبلیو ایم کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی ، بی این پی (مینگل) کے رہنما ساجد ترین ، مولانا شجاع الملک ، رکن قومی اسمبلی زین حسین قریشی اور اخونزادہ حسین بھی شریک تھے۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود اچکزئی نے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ پاکستان کی تمام جماعتیں آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہیں۔