شگفتہ اعجاز نے ہسپتال میں شادی کی سالگرہ منا کر بہتان تراشی کرنے والوں کو خاموش کر وا دیا

پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز نے زیرِ علاج شوہر کے ہمراہ ہسپتال میں شادی کی سالگرہ منا کر بہتان تراشی کرنے والوں کو خاموش کر وا دیا۔

کچھ عرصہ قبل سینیئر اداکارہ نے بیرونِ ملک کا دورہ کرنے پر تنقید و بہتان لگانے والے سوشل میڈیا صارفین کو آڑے ہاتھوں لیا تھا اور کہا تھا کہ بہتان لگانے والوں کو کبھی معاف نہیں کروں گی، ان کا گریبان قیامت کے دن پکڑوں گی۔

اب انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل پر ہسپتال میں زیرِ علاج شوہر کے کمرے سے نیا وی لاگ شیئر کیا ہے، جس میں انہیں اپنی شادی کی سالگرہ مناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

وی لاگ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شگفتہ اعجاز اور ان کے شوہر یحییٰ کی شادی کی سالگرہ کے موقع پر ان کی بیٹی ایمان ہسپتال میں کیک لائیں جو انہوں نے اپنے اہلِ خانہ اور دوستوں کے ساتھ مل کر کاٹا اور مصروف زندگی کے چند خوشی کے لمحوں کو یادوں میں محفوظ کر لیا۔

اس کے ساتھ ہی وی لاگ کے اگلے حصے میں سینئر اداکارہ نے نجی ہسپتال کی ناکافی سہولتوں پر شکوہ بھی کیا اور مداحوں سے شوہر کی مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی درخواست بھی کی ہے۔

خیال رہے کہ شگفتہ اعجاز کے شوہر یحییٰ صدیقی 5 برسوں سے کینسر میں مبتلا ہیں اور نجی ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

شگفتہ اعجاز نے یحییٰ صدیقی سے چند برس قبل شادی کی تھی، یہ ان دونوں کی دوسری شادی ہے اور ان دونوں کے پہلی شادی سے دو دو بچے ہیں جبکہ ان دونوں کی دو بیٹیاں بھی ہیں۔