ڈاکٹر زرقا سُہروردی نے سینیٹ فنکشنل کمیٹی میں PTIرہنماؤں کی گرفتاریوں کا معاملہ اٹھا دیا

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی سینیٹر ڈاکٹر زرقا سُہروردی نے سینیٹ فنکشنل کمیٹی میں تحریکِ انصاف کے رہنماؤں کی گرفتاریوں کا معاملہ اٹھا دیا۔

انہوں نے سینیٹ فنکشنل کمیٹی میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریوں کا معاملہ اُٹھاتے ہوئے کہا کہ کل رات جو پارلیمان میں ہوا ایسے تو دہشت گرد پکڑے جاتے ہیں۔

چیئر پرسن کمیٹی ثمینہ زہرہ نے کہا کہ میں نے کمیٹی میں آنے سے قبل تصدیق کی کہ یہ واقعہ کہاں ہوا، پارلیمان کی عمارت میں کچھ نہیں ہوا۔

سینیٹر ڈاکٹر زرقا سُہروردی نے کہا کہ رات 3 بجے پارلیمان کی بتیاں بند کر کے کالے شیشوں والی گاڑیوں میں ممبران پارلیمان کو لے جایا گیا، یہ بنیادی انسانی حقوق کا معاملہ ہے اور اس پر کمیٹی کو ہی دیکھنا چاہیے۔

جس پر چیئرپرسن کمیٹی نے کہا کہ یہ معاملہ متعلقہ فورم پر اٹھایا جانا چاہیے، یہ امن و امان کا معاملہ ہے، میرے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔