بغضِ بانی PTI میں حکومت اور وزراء پارلیمنٹ کی بے توقیری پر بھی خوش ہیں:بیرسٹر محمد علی سیف

مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ پارلیمان کی بے توقیری پر جعلی وزراء کی ڈھٹائی حیران کن اور پریشان کن ہے، بغضِ بانی پی ٹی آئی میں حکومت اور وزراء پارلیمنٹ کی بے توقیری پر بھی خوش ہیں۔

بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جعلی حکومت کے جعلی اور درباری وزراء سے یہی توقع کی جاسکتی ہے، حکومت کچھ بھی کر لے، غیرقانونی ترامیم پاس نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت 9 مئی کے فالس فلیگ آپریشن پر بہت واویلا مچاتی ہے، اپنے گھر پارلیمان کی بےتوقیری پرخوش ہے، جعلی وزراء 9 مئی کے ڈرامہ پر مگھر مچھ کے آنسو بہانا بند کریں، آج اصلی حکومت ہوتی تو پارلیمان کی اس طرح بےتوقیری کبھی نہ ہونے دیتی۔

بیرسٹر سیف کا مزید کہنا ہے کہ 10 ستمبر جمہوریت کی تاریخ میں کالے دن کے طور ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، پارلیمان کی بےتوقیری کا پورا پورا حساب لیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ اسپیکر ایاز صادق آئیں بائیں شائیں سے کام نہ لیں، اسپیکر پارلیمنٹ پر حملہ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آردرج کریں، پارلیمنٹ پر شبِ خون مارنے والوں کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کرنی چاہیے۔