اسپیکر نے حکومت اور اپوزیشن ارکان پر مشتمل کمیٹی بنا دی

اسپیکر سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے تحت قومی اسمبلی کے 11 ستمبر 2024 کے اجلاس میں منظور کی گئی تحریک کی تناظر میں خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی۔

18 رکنی خصوصی پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی پارلیمانی بزنس کے مسائل کو حل کرنے کے لیے متفقہ لائحہ عمل بنائے گی۔

کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن کے اراکین اسمبلی کو برابر تعداد میں شامل کیا گیا ہے۔

18 رکنی خصوصی پارلیمانی کمیٹی میں اسحاق ڈار، خواجہ آصف، خورشید شاہ، خالد مقبول صدیقی، امین الحق، چوہدری سالک، عبدالعلیم خان شامل ہیں۔

اس کے علاوہ اعجاز الحق، خالد مگسی، صاحبزادہ حامد رضا، بیرسٹر گوہر، شاہدہ بیگم، اختر مینگل، حمید حسین، محمود خان اچکزئی بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر پارلیمانی امور بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔