بھارتی سپریم کورٹ کا سرکاری یوٹیوب چینل ہیک کر لیا گیا

بھارتی سپریم کورٹ کا سرکاری یوٹیوب چینل ہیک کر لیا گیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق آج (20 ستمبر بروز جمعہ) بھارتی سپریم کورٹ کا آفیشل یوٹیوب چینل ہیک کر لیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یوٹیوب چینل ہیک ہونے کے بعد مذکورہ چینل پر امریکی کمپنی ریپل لیب کی جانب سے کرپٹو کرنسی سے متعلق مواد چل رہا ہے۔

ہیکرز نے بھارتی سپریم کورٹ کا چینل ہیک کرنے کے بعد اس پر پہلے سے موجود ویڈیوز کو پرائیویٹ کر دیا۔

عدالتی حکام کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ انتظامیہ نے ہیک ہونے والے عدالتی یوٹیوب چینل کو غیر فعال کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ہیک شدہ چینل پر آج ایک ویڈیو شیئر کی گئی تھی، جس میں امریکی کمپنی ریپل لیب کی کا اشتہار دکھائی دے رہا ہے۔

ہیک ہونے والے عدالتی چینل پر کرپٹو کرنسی ’ایکس آر پی‘ کے اشہتار کی ویڈیو نظر آنے لگی تھی جو اب ہٹا دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ عام طور پر اپنے یوٹیوب چینل کو لائیو اسٹریم سماعتوں کے لیے استعمال کرتی ہے۔

یہ اقدام 2018ء میں ایک تاریخی فیصلے کے بعد اٹھایا گیا تھا، جس نے آئینی بینچ کی سماعتوں کو براہِ راست نشر کرنے کی اجازت دی۔

حال ہی میں ہائی پروفائل کیسز، جیسے آر جی کار میڈیکل کالج اور اسپتال عصمت دری اور قتل کیس کی از خود سماعت شفافیت اور عوامی مصروفیت کو بڑھانے کے لیے لائیو نشر کی گئی۔

یہاں یہ بھی واضح رہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے جب امریکی کمپنی ریپل لیب کا اشتہار کسی یوٹیوب چینل کو ہیک کرنے کے بعد چلایا گیا ہے بلکہ اس سے قبل بھی کئی ایسے کیسز سامنے آ چکے ہیں۔

امریکی کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو افسر بریڈ گارلنگ کا مذکورہ وجوہات کی بنیاد پر امریکی سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن کے ساتھ قانونی تنازع چل رہا ہے اور انہوں نے پہلے ہی یوٹیوب کے خلاف مقدمہ دائر کر رکھا ہے۔