بلاول بھٹو زرداری آج 36 برس کے ہو گئے

صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے صاحبزادے، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین، 37 ویں سابق وزیرِ خارجہ، بلاول بھٹو زرداری آج 36 برس کے ہو گئے۔

اسلامی ممالک میں سے سب پہلی وزیرِ اعظم منتخب ہونے والی سیاستدان، محترمہ بینظیر بھٹو کے بیٹے بلاول بھٹو زرداری آج اپنی 36 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

چیئرمین پی پی کو بہنوں آصفہ بھٹو اور بختاور بھٹو کی جانب سے سالگرہ کی مبارک باد دی گئی ہے۔

بختاور بھٹو نے انسٹاگرام اسٹوری پر بھائی اور بیٹے کی ایک خوبصورت ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ 36ویں سالگرہ مبارک بلاول بھٹو زرداری۔

دوسری جانب رکنِ قومی اسمبلی و خاتونِ اوّل آصفہ بھٹو نے بھی بھائی کے اعزاز میں کی گئی ایک پوسٹ کو انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے تصدیق شدہ پیج کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کے حوالے سے بھی پوسٹ شیئر کی گئی ہے۔

پوسٹ کے کیپشن میں لکھا ہے کہ عوام کی امید، ملک کے روشن مستقبل کی نوید، عوامی حقوق کی جدوجہد کے علم بردار اور جمہوریت کے محافظ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو ان کی سالگرہ مبارک۔

سوشل میڈیا کے ہر پلیٹ فارم پر اس وقت پی پی کے جیالوں اور بلاول بھٹو زرداری کے مداحوں کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کو سالگرہ کی مبارک باد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔