اسرائیلی فوج کے لبنان پر شدید حملے

اسرائیلی فوج نے لبنان پر شدید حملے کیے ہیں، جن میں طاقت ور بموں کے استعمال سے خوفناک دھماکے ہوئے ہیں۔

اسرائیلی فضائیہ نے جنوبی لبنان کی بیکا وادی پر شدید بم باری کی ہے، جبکہ ثور اور نباتیہ کے علاقوں میں بھی زور دار دھماکے کیے گئے ہیں۔

اسرائیل کی جانب سے حزب اللّٰہ کے اہداف پر حملوں کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

بم باری کے بعد اسرائیلی فوج کےترجمان نے لبنانی عوام کو حزب اللّٰہ کی پوسٹوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے۔

حزب اللّٰہ کے اسرائیلی فوجی پوزیشنوں پر حملے
گزشتہ روز حزب اللّٰہ نے پیجر اور واکی ٹاکی دھماکوں کے جواب میں اسرائیلی رمات فضائی اڈے اور دفاعی ٹیکنالوجی کمپنی کو نشانہ بنایا تھا۔

حزب اللّٰہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اسرائیلی فوجی پوزیشنوں پر کئی حملے کیے ہیں، جن میں مقبوضہ لبنانی شبعا فارمز اور شمالی اسرائیل کے علاقے شامل ہیں۔

حزب اللّٰہ نے اتوار کے روز شمالی اور وسطی اسرائیل پر درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کا استعمال کیا، جس میں 50 کلو میٹر جنوب کی طرف کئی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

ان حملوں کے بعد اسرائیل نے مزید حملے کرنے کا اعلان کیا ہے اور لبنان میں شدید حملے کیے ہیں۔

اسرائیل کے ان حملوں سے مشرقِ وسطیٰ میں ایک مکمل جنگ کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔

عراقی تنظیم کا اسرائیل پر ڈرون حملہ
دوسری جانب عراقی مزاحمتی تنظیم نے بھی اسرائیل کے فوجی اہداف پر ڈرونز اور راکٹوں سے حملے کیے ہیں۔

غزہ میں 2 اسکولوں پر بمباری،7 فلسطینی شہید
ادھر اسرائیلی فوج نے غزہ میں پناہ گاہوں کے طور پر استعمال ہونے والے 2 اسکولوں پر بم باری کی ہے جس کے نتیجے میں کم از کم 7 فلسطینی شہید ہو گئے۔

دیر البلاح میں گھر پر بمباری، ماں اور 4 بچے شہید
دیر البلاح میں ایک گھر پر اسرائیلی بم باری سے 4 بچوں سمیت 5 فلسطینی شہید ہو گئے، شہداء میں ماں اور 4 بچے شامل ہیں۔

مقبوضہ مغربی کنارہ، بچوں سمیت درجنوں فلسطینی زیرِ حراست
اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک گاؤں سے بچوں سمیت درجنوں فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا ہے۔

نیتن یاہو کا حماس کیخلاف محاصرے کی حکمتِ عملی پر غور
اسرائیلی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ غزہ کے شمالی حصے میں حماس کے خلاف محاصرے کی حکمتِ عملی پر غور کر رہے ہیں۔