شہریوں کو سمندر کے راستے یورپ بھجوانے میں ملوث منظم گینگ بے نقاب

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن سرکل نے کراچی ایئر پورٹ پر کارروائیاں کرتے ہوئے شہریوں کو سمندر کے راستے یورپ بھجوانے میں ملوث منظم گینگ کو بے نقاب کر دیا۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ موریطانیہ سے کراچی پہنچنے والے 5 مسافروں سے پوچھ گچھ جاری ہے، مسافروں کا تعلق حافظ آباد، گجرانوالہ اور سوات سے ہے۔

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ایجنٹس نے یورپ کے لیے مسافروں سے 25 اور 35 لاکھ روپے میں معاملات طے کیے۔

ان کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر دبئی، سعودی عرب اور قطر کے راستے موریطانیہ پہنچے اور موریطانیہ پہنچنے پر ایجنٹوں نے مسافروں کو غیرقانونی طور پر یورپ بھیجنے کی کوشش کی۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ مسافروں نے سمندر کے راستے غیر قانونی سفر کرنے سے انکار کر دیا اور واپس آ گئے، مسافروں کو ایجنٹس کی نشاندہی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ غیر قانونی سفری دستاویزات کی سخت جانچ پڑتال جاری ہے، ایجنٹس اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔