راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں چیمپئنز ٹرافی کا پہلا میچ آج ہو گا، جہاں نیوزی لینڈ اور بنگلا دیش کی ٹیمیں مدِمقابل ہوں گی جس کے لیے سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
سی پی او کے مطابق راولپنڈی پولیس کے 5 ہزار سے زائد افسران سیکیورٹی فرائض انجام دے رہے ہیں، جبکہ ٹریفک پولیس کے 350 سے زائد افسران بھی فرائض کی انجام دہی میں مصروف ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ انتظامات کی مانیٹرنگ کے لیے خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔
سی پی او راولپنڈی کا کہنا ہے کہ سیف سٹی اور دیگر سی سی ٹی وی کیمروں سے اسٹیڈیم اور شہر کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ روٹ اور اسٹیڈیم کے اطراف چھتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کیے گئے ہیں، پولیس، ڈولفن فورس اور ایلیٹ فورس گشت کے فرائض سر انجام دے رہی ہیں۔
سی پی او کا کہنا ہے کہ شائقین واک تھرو گیٹ اور مکمل باڈی سرچ کے بعد اسٹیڈیم میں داخل ہو سکیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ پاور بینک، ہینڈ فری، ایئر پوڈز، کھانے پینے اور ممنوع شے لےجانے کی اجازت نہیں ہو گی، شہریوں کو مختص کردہ مقامات کے علاوہ گاڑیاں پارک کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
سی پی او راولپنڈی کے مطابق سینئر افسران اپنے اپنے زون کی سیکیورٹی ڈیوٹی کو وقتاً فوقتاً چیک اور بریف کر رہے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاک فوج، رینجرز اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے ربط سے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، چمپئینز ٹرافی کی میچز کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔