بہروز سبزواری نے طلاقوں کا ذمے دار لڑکیوں کو قرار دے دیا

پاکستان کے نامور اداکار بہروز سبزواری نے طلاقوں کا ذمے دار لڑکیوں کو قرار دے دیا۔

بہروز سبزواری نے نجی چینل کے مارننگ شو میں موجودہ دور میں طلاق کی بڑھتی ہوئی شرح پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی وجہ لڑکیوں کو زیادہ لاڈ پیار دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں شادیوں میں شرکت کرتا ہوں جہاں 20 کروڑ روپے خرچ کیے جاتے ہیں، لیکن وہ شادیاں چند دن یا مہینوں میں ہی ختم ہو جاتی ہیں۔

بہروز سبزواری کا کہنا ہے کہ آج کل شادیوں کے معاملات بدل چکے ہیں، والدین اپنی بیٹیوں کو حد سے زیادہ لاڈ پیار دیتے ہیں اور انہیں کہتے ہیں کہ فکر نہ کرو، تمہیں رانیوں کی طرح رکھیں گے، ہم نے تمہاری شادی پر 10 کروڑ روپے خرچ کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ لڑکی خود کو ملکہ سمجھنے لگتی ہے اور سارے فیصلے خود کرنے لگتی ہے، مگر شوہر چاہے جتنا بھی ماڈرن ہو، وہ اپنے والدین کا بیٹا ہی رہتا ہے، لڑکیوں کے والدین اور خود لڑکیاں ان طلاقوں کی بڑی وجہ ہیں۔

بہروز سبزواری نے بیٹے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ اس جیسا شوہر، باپ اور بیٹا ہر ایک کو دے، بیٹے کی اچھی تربیت اور خاندان والوں کو مل بانٹ کے رکھنے کا سہرا اہلیہ کے سر ہے، صدف کنول اتنی اچھی لڑکی ہے کہ اس نے پورے خاندان کو سمیٹ لیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بہو پورے خاندان کی آنکھ کا تارا ہے، جس نے چھوٹے بچے سے خاندان کے بزرگوں تک ہر ایک کا دل جیت لیا ہے۔

اس موقع پر ان کی اہلیہ سفینہ بہروز نے سادہ نکاح کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ شادیوں کو فضول خرچی سے بچانا چاہیے۔