بالی وڈ اداکارہ نکیتا دتہ نے اپنی فٹنس کا راز بتا دیا

بالی وڈ اداکارہ نکیتا دتہ نے گزشتہ 13 برس سے نوڈلز اوربسکٹس نہیں کھائے جو ان کی فٹنس کا بڑا راز ہے۔

عام طور پر خواتین اور مرد حضرات شام چائے کے ساتھ بسکٹس کھاتے ہیں اور پھر نوڈلز تو ہر گھر میں بنتے ہیں، کبھی کھانا من پسند نہ پکا ہو یا کھانے کے علاوہ بھوک لگی ہو تو لوگ انسٹینٹ نوڈلز بنانا پسند کرتے ہیں جو جھٹ پٹ پک جاتے ہیں۔

لیکن جھٹ پٹ اور ذائقے میں مزیدار نظر آنے والے نوڈلز چونکہ میدے سے بنے ہوتے ہیں اس لیے یہ آپ کی صحت کے لیے انتہائی مضر ہیں جب کہ بسکٹس کا بھی یہ ہی حال ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہد کپور اورکیارا ایڈوانی کی سپر ہٹ فلم کبیر سنگھ میں اپنے کردار کے لیے مشہور اداکارہ نکیتا دتہ ہمیشہ فٹنس پر زور دیتی رہی ہیں اور وہ گزشتہ 10 سالوں سے میراتھن میں حصہ لے رہی ہیں۔

حال ہی میں ایک ایونٹ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے نکیتا نے اپنی کمال کی فٹنس کے راز سے پردہ اٹھایا۔

نکیتا نے بتایا کہ ‘میں نے گزشتہ 13 سال سے انسٹینٹ نوڈلز سمیت بسکٹس کو ہاتھ نہیں لگایا، یہ میری فٹنس کا راز ہے، میں ہر اس چیز سے دور رہتی ہوں جس میں preservatives ہوں’۔

اداکارہ نے کہا ‘یہ میری صحت مند زندگی کا راز ہے کہ پیکٹس میں آنے والی وہ چیزیں جو 6 ماہ، ایک سال یا اس سے زائد عرصے تک استعمال کی جاسکیں، میں وہ بالکل نہیں کھاتی’۔