راکھی ساونت اور پاکستانی اداکار دودی خان کے رشتے کی حقیقت سامنے آ گئی

بھارتی متنازع اداکارہ اور رقاصہ راکھی ساونت اور پاکستانی اداکار دودی خان کے رشتے کی حقیقت سامنے آ گئی۔

راکھی ساونت جو اپنی بے باک شخصیت کے لیے مشہور ہیں، حالیہ دنوں میں دودی خان کے ساتھ اپنی شادی کی خبروں کے باعث سرخیوں میں رہی ہیں۔

چند روز قبل دودی خان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں وہ راکھی ساونت کو شادی کے لیے پروپوز کر رہے تھے، اس ویڈیو کے بعد مداحوں میں چہ مگوئیاں شروع ہو گئیں کہ کیا واقعی دونوں شادی کرنے جا رہے ہیں؟

حال ہی میں ایک اور ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل رہی ہے جس میں راکھی اور دودی نے اپنی دوستی اور رشتے کی حقیقت واضح کر دی ہے۔

دودی نے راکھی کو محبت اور دوستی کی انگوٹھی تحفے میں دی اور کہا کہ ہم ہمیشہ اچھے دوست رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں راکھی ساونت کے لیے ایک اچھا رشتہ تلاش کرنے میں مدد کروں گا۔

اس ویڈیو میں دونوں کے درمیان زبردست کیمسٹری اور دوستانہ تعلق دیکھنے کو ملا، جس نے مداحوں کے دل جیت لیے۔

مداحوں نے راکھی اور دودی کی دوستی کو پسند کیا لیکن ساتھ ہی ساتھ کچھ حقیقت پسندانہ مشورے بھی دیے۔

ایک صارف نے لکھا کہ دودی خان کو اپنی فیملی کے بارے میں سوچنا چاہیے، اس طرح کے اسٹنٹس سے بچنا چاہیے۔

ایک مداح نے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے لکھا، راکھی براہِ کرم میرے شوہر سے شادی کر لو کیونکہ میں تمہیں بہت پسند کرتی ہوں۔

ایک اور صارف نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ہر لڑکے کو لڑکی مل رہی ہے اور ہم ابھی تک قرض داروں سے نمٹ رہے ہیں۔