کراچی :گھریلو جھگڑے کے دوران چھری کے وار سے ایک شخص قتل

کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن سیکٹر الیون اے میں گھریلو جھگڑے کے دوران چھری کے وار سے ایک شخص کو قتل کر دیا گیا۔

حکام کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے گھر میں چھری کے وار سے ایک شخص کے قتل کی اطلاع پر پولیس جب گھر پہنچی تو جاں بحق شخص کی لاش گھر کے دروازے پر پڑی تھی۔

پولیس نے جاں بحق ہونے والے 45 سال کے عبد العلیم کی لاش کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا۔

پولیس نے بتایا ہے کہ مقتول سرجانی میں اپنی بہن اور بہنوئی کے ساتھ رہتا تھا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق مقتول کا کسی بات پر دونوں سے جھگڑا ہوا تھا، اس دوران گھر میں موجود کسی فرد نے چھری عبدالعلیم کو ماری جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔

واقعے کے بعد مقتول کی بہن اور بہنوئی گھر سے فرار ہو گئے جبکہ پولیس نے جائے وقوع سے آلۂ قتل بھی برآمد کر لیا ہے۔