وائٹ ہاؤس میں یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی کے ساتھ تلخ کلامی کے بعد امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا سکون سے چھٹیاں گزارنا مشکل ہو گیا۔
وائٹ ہاؤس میں جمعے کو ہونے والی ملاقات میں ولودیمیر زیلنسکی، ڈونلڈ ٹرمپ اور جے ڈی وینس کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا تھا۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہفتے کو امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اپنی فیملی کے ہمراہ چھٹیاں گزارنے کے لیے امریکی ریاست ورمونٹ پہنچے تو یوکرین کے حق میں پلے کارڈز اُٹھائے احتجاج کرتے سینکڑوں مظاہرین نے ان کا وہاں استقبال کیا۔
احتجاجی مظاہرین نے ولودیمیر زیلنسکی کے ساتھ ڈونلڈ ٹرمپ اور جے ڈی وینس کی تلخ کلامی کو ’بین الاقوامی شرمندگی‘ قرار دیتے ہوئے یوکرین کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کیا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ عوام کے احتجاج کی وجہ سے اس موقع پر جے ڈی وینس کو اپنی فیملی کے ہمراہ ریزورٹ جانے کا طے شدہ منصوبہ ترک کر کے کسی نامعلوم مقام پر منتقل ہونا پڑا۔