ماہرہ شرما نے کرکٹر محمد سراج سے تعلقات کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی

بھارتی اداکارہ اور بگ باس 13 کی سابقہ امیدوار ماہرہ شرما نے کرکٹر محمد سراج سے تعلقات کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی۔

ماہرہ شرما اور محمد سراج کے درمیان تعلقات کی خبریں گزشتہ چند دنوں سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں، تاہم اب ماہرہ شرما نے ان افواہوں پر کھل کر بات کی ہے اور تمام خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔

ایک انٹرویو میں ماہرہ شرما نے ان خبروں کو محض افواہیں قرار دیا اور واضح الفاظ میں کہا کہ میں کسی کو ڈیٹ نہیں کر رہی۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ اس قسم کی افواہوں سے کیسے نمٹتی ہیں؟

اداکارہ نے جواب دیا کہ مداح آپ کا کسی کے ساتھ بھی تعلق جوڑ سکتے ہیں، ہم انہیں روک نہیں سکتے، جب میں کام کرتی ہوں تو میرے کو اسٹارز کے ساتھ بھی میرا نام جوڑا جاتا ہے، ویڈیوز اور ایڈیٹس بنائی جاتی ہیں، لیکن میں ان چیزوں کو زیادہ اہمیت نہیں دیتی، اگر آپ کو یہ سب کرنا اچھا لگتا ہے تو کریں، لیکن حقیقت میں ایسا کچھ نہیں ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ماہرہ شرما اور محمد سراج ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہے ہیں اور اسے خفیہ رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ان خبروں کو مزید تقویت اس وقت ملی جب محمد سراج نے ماہرہ شرما کی انسٹاگرام پوسٹ کو لائک کیا اور بعد میں دونوں نے ایک دوسرے کو سوشل میڈیا پر فالو کرنا شروع کر دیا۔

ماہرہ شرما اور محمد سراج کے درمیان تعلقات کی خبروں نے مداحوں کی توجہ حاصل کر لی تھی، سوشل میڈیا صارفین معاملے پر مسلسل چہ مگوئیاں کرتے رہے ہیں۔