کینیڈا میں تعینات ہائی کمشنر آف پاکستان محمد سلیم کا کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانی وطنِ عزیز پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اور سیاحت کو فروغ دیں، حکومتِ پاکستان ان شعبوں میں تمام سہولتیں فراہم کرے گی۔
ٹورنٹو میں قونصل جنرل آف پاکستان خلیل باجوہ کی جانب سے ہائی کمشنر محمد سلیم کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر پاکستانی نژاد ارکانِ کینیڈین پارلیمنٹ سلمیٰ زاہد، اقراء خالد، شفقت علی، رکنِ اونٹاریو پارلیمنٹ ذیشان حامد اور ریجنل کونسلر سمیرا علی بھی موجود تھیں۔
قونصل جنرل خلیل باجوہ نے ہائی کمشنر محمد سلیم کو ان کی کینیڈا میں تعیناتی پر خوش آمدید کہا۔
ہائی کمشنر محمد سلیم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے مابین بہترین تعلقات ہیں اور ہم ان تعلقات کو مزید مستحکم کرتے ہوئے باہمی تجارت کو بڑھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں 5 لاکھ پاکستانی آباد ہیں جو اپنے کینیڈین دوستوں کو پاکستان کے خوبصورت علاقوں کی سیر کروائیں، تجارت، سیاحت، افرادی قوت اور آئی ٹی پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہیں اور اوورسیز پاکستانی ان شعبوں میں بھرپور تعاون کریں۔
ہائی کمشنر محمد سلیم نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے سفارت خانے اور قونصل خانوں کے دروازے ہمیشہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے کھلے ہیں اور ہمیں مل کر پاکستان کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہو گا۔