مریم نواز کا میؤ ہسپتال کے ایم ایس کو عہدے سے فوری ہٹانے کا حکم

وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز لاہور کے میؤ ہسپتال پہنچیں تو مریضوں نے شکایات کے انبار لگا دیے۔

اس موقع پر مریم نواز نے میؤ ہسپتال کی انتظامیہ کی سخت سرزنش کی اور ایم ایس کو عہدے سے فوری ہٹانے کا حکم دے دیا۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ لوگ ہسپتال میں علاج کی توقع اور امید لے کر آتے ہیں، کس وارڈ میں کیا ہو رہا ہے، ہسپتال انتظامیہ کو علم ہی نہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ جو عوام کے ساتھ ہو رہا ہے ذمے داروں کے اپنوں کے ساتھ ہو تو پتہ چلے۔

میؤ ہسپتال میں زیرِ علاج مریضوں اور لواحقین نے سرنج اور برنولا وغیرہ تک نہ ملنےکا وزیرِ اعلیٰ کو بتایا۔

مریم نواز نے انتظارِ گاہ اور راستے میں کھڑے مریضوں اور لواحقین کی شکایات سنیں اور میؤ ہسپتال میں ہی ہنگامی اجلاس کی صدارت بھی کی۔

انہوں نے دواؤں کے واجبات کی ادائیگی کے لیے فوری اقدامات کا حکم دیا اور میؤ ہسپتال میں ادویات کی 100 فیصد فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔