ووٹ کو عزت دو کا کھوکھلا نعرہ اپنی موت آپ مرچکا، عثمان بزدار

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں ہے، ووٹ کو عزت دو کا کھوکھلا نعرہ اپنی موت آپ مرچکا۔

اپنے بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی کے جاری سفر میں کسی کو حائل نہیں ہونے دیں گے، بد قسمتی سے پی ڈی ایم نے قومی مفادات کو بالائے طاق رکھا ہواہے لیکن حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کا کھوکھلا نعرہ اپنی موت آپ مرچکا، ملک کی ترقی کو روکنے کی ہر کوشش ناکام رہے گی، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت کو 5 برس کا مینڈیٹ ملا ہے جس میں سے گزرے ساڑھے 3 برس میں حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بے شمار اقدامات کیے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ منفی سیاست کا جواب ہمیشہ عوامی خدمت سے دیا ہے، تحریک انصاف کے دور میں ملک پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہے۔