پاکستان ایمبیسی تاشقند کی جانب سے گزشتہ روز کامن ویلتھ گیمز کے پاکستانی گولڈ میڈلسٹ نوح دستگیر بٹ کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد ۔ واضح رہے کہ نوح دستگیر بٹ نے تاشقند ازبکستان میں ایشین پاور لفٹنگ میں چار مزید پڑھیں
فیروز خان کی اداکاری کیساتھ میرا موازنہ کرنا اعزاز کی بات ہے، اداکار ہارون کادوانی
کراچی: پاکستان کے نئے ابھرتے ہوئے اداکار ہارون کادوانی کا کہنا ہے کہ فیروز خان کی اداکاری کے ساتھ ان کی اداکاری کا موازنہ کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
حال ہی میں ٹیلی فلم ’’روپوش‘‘ میں نظر آنے والے اداکار ہارون کادوانی پاکستان کے معروف پروڈیوسر عبداللہ کادوانی کے بیٹے ہیں۔ ہارون کادوانی اداکار فیروز خان کے ساتھ بے حد مشابہت کی وجہ سے مشہور ہیں۔
سوشل میڈیا پر جہاں لوگ ہارون اور فیروز خان میں مماثلت پر بات کرتے نظر آتے ہیں، وہیں لوگوں کا خیال ہے کہ ہارون کادوانی اداکاری کے ساتھ ساتھ فیروز خان کا اسٹائل بھی کاپی کرتے ہیں اور اسی وجہ سے انہیں اکثر سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا ہے۔ پچھلے دنوں اسی حوالے سے ہارون کادوانی اور فیروز خان پر بنائی گئیں میمز بھی کافی وائرل ہوئی تھیں۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران جب ہارون کادوانی سے فیروز خان کو کاپی کرنے کے حوالے سے سوال پوچھا گیا تو انہوں نے کہا میرا نہیں خیال کہ میرے چہرے اور فیروز خان کے چہرے میں کوئی مماثلت ہے لیکن اگر لوگوں کو ہم دونوں کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے تو اس میں، میں کچھ نہیں کرسکتا۔
ہارون نے مزید کہا جہاں تک اداکاری کی بات ہے تومیں کہنا چاہوں گا کہ میں فیروز خان سے متاثر نہیں ہوں لیکن یہ میرے لیے بہت اعزاز کی بات ہے کہ لوگ میرے اداکاری کا موازنہ فیروز خان کی اداکاری سے کرتے ہیں کیونکہ فیروز خان ایک معروف اور منجھے ہوئے اداکار ہیں۔
لہذا اگر میرے کیریئر کی دوسری ٹیلی فلم پر میری اداکاری کا موازنہ فیروز خان سے کیا جارہا ہے تو یہ میرے لیے بہت بڑی بات ہے اور میں بہت خوش ہوں۔
واضح رہے کہ ہارون کادوانی کی ٹیلی فلم ’’روپوش‘‘ کو لوگوں کی جانب سے بہت اچھا ردعمل ملا ہے اس ٹیلی فلم میں ان کے ساتھ اداکارہ کنزہ ہاشمی نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔