میڈیکل کالجوں کے نصاب میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا گیا

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے میڈیکل کالجوں کے نصاب میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا۔

اس حوالے سے وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور نے میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو کام شروع کرنے کی ہدایت کردی۔

یونیورسٹی آف لاہور میڈیکل کالج کی پرنسپل ڈاکٹر مہوش عروج سے ملاقات کے دوران وی سی یو ایچ ایس نے کہا کہ یونیورسٹی تمام تر توجہ نصاب کو اپ ڈیٹ کرنے اور فیکلٹی ڈویلپمنٹ پر مرکوز کریگی۔ یونیورسٹی آف لاہور سمیت دیگر پرائیویٹ اداروں کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے۔

پروفیسر احسن وحید راٹھور کا کہنا تھا کہ وہ نئے نئے منصوبے بنانے سے زیادہ پرانے منصوبوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے پر زور دیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ امتحانی نظام کو کاغذ سے کمپیوٹر پر منتقل کرنا چاہ رہے ہیں تاکہ وقت اور سرمایہ کی بچت ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے تمام کالجوں کو ورلڈ فیڈریشن آف میڈیکل ایجوکیشن سے منظور کرانا پہلی ترجیح ہے۔ یو ایچ ایس کے پرو وائس چانسلر پروفیسر معروف عزیز اور سینئر فیکلٹی بھی ملاقات میں موجود تھے۔

پروفیسر معروف عزیز نے کہا کہ 39 مضامین کے نصاب کو اپ ڈیٹ کرنے کا کام شروع کرچکے ہیں۔ بطور ریگولیٹر میڈیکل شعبے میں یو ایچ ایس کا کردار بہت اہم ہے۔ ڈاکٹر مہوش نے یونیورسٹی آف لاہور میں انڈر گریجویٹ پروگرام، ریسرچ اور فیکلٹی ڈویلپمنٹ کے حوالے سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔