40سال سے زائد تنہا رہنے والی 77 سالہ امریکی خاتون نے خود سے شادی کرلی

77 سالہ امریکی خاتون جو پچھلے 40 سے زائد سال سے تنہا زندگی گزار رہی تھیں اب انہوں نے خود سے ہی شادی کرلی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست اوہایو سے تعلق رکھنے والی ڈوٹی فائڈیلی نامی خاتون نے خود سے شادی کی جس کی تصاویر بھی سامنے آئی ہیں۔

ڈوٹی نے اس حوالے سے بتایا کہ وہ اس پر مسرت دن پر بے حد خوش اور مطمئن ہیں، انہوں نے بتایا کہ اب وہ سارا وقت صرف خود کو دیں گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈوٹی فائڈیلی کی پہلی شادی 1965 میں ہوئی تھی جن سے ان کی ایک بیٹی بھی ہے تاہم اس شادی کے 9سال بعد خاتون کو طلاق ہوگئی تھی جس کے بعد سے وہ تنہا زندگی بسر کررہی تھیں۔

ڈوٹی نے اس حوالے سے مزید کہا کہ میں 40 سال سے خود کے ساتھ زندگی گزار رہی ہوں، اسی لیے میں نے اب فیصلہ کیا کہ مجھے خود سے ہی شادی کرلینی چاہیے۔

خاتون کی شادی میں ان کے دوست سمیت ان کی بیٹی نے بھی شرکت کی جو شادی والے روز اپنی ماں کے لیے عروسی لباس ، پھول لائی اور تقریب کے لیے کھانے بھی تیار کیے، ڈوٹی کے لیے سفید رنگ کا دو منزلہ روایتی کیک بھی تیار کیا گیا۔