ایشیا کپ کے میچز کی منتقلی کا فیصلہ 24 سے 36 گھنٹوں میں ہونے کا امکان

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) ایشیا کپ کے میچز کی منتقلی کا فیصلہ اگلے 24 سے 36 گھنٹوں میں کر سکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کے میچز خراب موسم کے باعث کولمبو سے منتقلی ایشین کرکٹ کونسل کے لیے مشکلات کا باعث بن گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ دمبولا شہر کے ہوٹل سے مطمئن نہیں، دمبولا کے ہوٹل معیاری نہیں ہیں جبکہ اچھے موسم والے ایک اور شہر ہمبنٹوٹا کے ہوٹل انتظامات پر براڈ کاسٹرز کو اعتراض ہے۔

ایشین کرکٹ کونسل، سری لنکن اور پاکستان کرکٹ بورڈ مشکل میں پھنس گئے ہیں، اے سی سی کے ہنگامی اجلاس میں میچز کی منتقلی پر غور ہو گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کولمبو میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی موسم کی وجہ سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

پی سی بی نے اے سی سی کو مختلف آپشنز پر غور کرنے کا کہا ہے، اے سی سی مختلف آپشنز کے بعد میزبان پاکستان کرکٹ بورڈ کو آگاہ کرے گا۔