بالی ووڈ کا مشہور ولن جس کی مسجد میں گزاری گئی ایک رات نے زندگی بدل دی

پاکستان اور بھارتی شوبز انڈسٹریز میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے کئی مسلمان فنکار شوبز کی چکا چوند چھوڑ کر مذہبی راہ اپنا چکے ہیں اور اب وہ اسلامی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگی بسر کر رہے ہیں تاہم ان میں بالی وڈ کے ایک سابق اداکار بھی شامل ہیں جنہوں نے ناصرف اسلام کی خاطر شوبز کی دنیا کو الوداع کہا بلکہ اپنی تمام تر خدمات اسلامی تعلیمات کی تبلیغ کے لیے وقف کردیں۔

وہ بالی ووڈ کا ایک مشہور ولن بن چکا تھا، جس نے اپنی پہلی ہی فلم میں اداکاری کے ایسے جوہر دکھائے کہ پھر حقیقی زندگی میں بھی اسی کردار کے نام سے پہچانے جانے لگے، اس اداکار کا اصل نام تو عارف خان ہے لیکن وہ ’راکی‘ کے نام سے مشہور ہوا۔

عارف خان نے بالی وڈ سپر اسٹار اجے دیوگن کے ساتھ ہی 1991 میں ریلیز ہونے والی ان کی پہلی فلم ’پھول اور کانٹے‘ سے انڈسٹری میں ڈیبیو کیا تھا، جس میں عارف خان نے ولن ’راکی‘ کا کردار نبھایا تھا۔ اس کردار کو اتنا پسند کیا گیا کہ عارف خان کو انڈسٹری میں سب سے بہترین نوجوان ولن کہا جانے لگا۔

ایک رپورٹ کے مطابق یکم مئی 1968 کو ممبئی میں پیدا ہونے والے عارف خان کے والد ایک درزی تھے، اداکار نے اپنے والد سے سلائی اور ڈیزائننگ کا کام سیکھا لیکن پھر انہوں نے فلمی دنیا میں قدم رکھنے کا فیصلہ کیا جس کے لئے عارف خان نے ماڈلنگ کا آغاز کیا، اس دوران فلم پروڈیوسر دنیش پٹیل کی نظر ان پر پڑی تو انہوں نے عارف کو اپنی فلم ’پھول اور کانٹے‘ میں ولن کے کردار کی پیشکش کردی۔