بلوچستان میں خاتون ٹیچر نے مسلسل جنسی ہراسگی سے تنگ آ کر خودکشی کر لی

صوبہ بلوچستان میں ایک خاتون ٹیچر نے مسلسل جنسی ہراسگی سے تنگ آ کر خودکشی کر لی۔ نیوز ویب سائٹ ’پروپاکستانی‘ کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ضلع آواران کے شہر گشکور میں پیش آیا۔ خاتون ٹیچر کی شناخت نجمہ بلوچ کے نام سے ہوئی ہے جو علاقے میں مستحق بچوں کو مفت تعلیم دینے کے عزم کے ساتھ ایک کیمپ سکول بھی چلا رہی تھی۔

نجمہ بلوچ نے انتہائی محدود وسائل کے ساتھ ایک جھونپڑی میں سکول چلایا اور کسی بچے سے کبھی کوئی معاوضہ نہیں لیا۔ نجمہ کی فیملی کی طرف سے تین افراد پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ نجمہ کو مسلسل جنسی ہراسگی کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ تینوں ملزمان میں ایک لیویز آفیسر اور دو نجمہ کے کولیگ شامل ہیں۔ مقامی پولیس نے نجمہ بلوچ کے لواحقین کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق آواران کے اسسٹنٹ کمشنر نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔ ملزم لیویز آفیسر کو نوکری سے معطل کر دیا گیا ہے اور اس سے تفتیش کے لیے ایک انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ باقی دو کی تلاش جاری ہے۔