ذکاء اشرف اور سیکریٹری بھارتی بورڈ جے شاہ کے درمیان آج ملاقات شیڈول

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر اور سیکریٹری بھارتی بورڈ جے شاہ کے درمیان آج ملاقات شیڈول ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ذکاء اشرف اور جے شاہ کے درمیان ملاقات انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میٹنگز کی سائیڈ لائینز پر طے ہے۔

آئی سی سی چیف ایگزیکٹو میٹنگز کا آج سے ڈربن میں آغاز ہو رہا ہے۔

ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے ایشوز کے بعد پاکستان اور بھارت کے اعلیٰ عہدیداران پہلی مرتبہ آمنے سامنے آئیں گے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ملاقات میں پاکستان کی بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت کا معاملہ زیر بحث آئے گا۔

ملاقات میں ایشیا کپ کے ہائبرڈ ماڈل کے تحت میچز کی تعداد بڑھانے پر بات ہو سکتی ہے اور ایونٹ کے سری لنکا میں ہونے والے میچز کے وینیو پر بھی گفتگو ہو گی۔

چیف ایگزیکٹوز کی میٹنگز کی سائیڈ لائنز پر ایشین کرکٹ کونسل کے ممبران کا بھی اجلاس ہو گا۔

ایشیا کپ کے میچز کے شیڈول کا تاحال اعلان نہیں کیا جا سکا ہے۔

واضح رہے کہ وزیر بین الصوبائی رابطہ کمیٹی احسان مزاری نے پاکستان کے ورلڈ کپ کے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کی بات کی ہے۔

پاکستان کو ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے حکومتی اجازت درکار ہے، معاملے کو دیکھنے کے لیے پاکستان حکومت نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی ہوئی ہے۔