مستحکم پاکستان امریکا اور اقوام عالم دونوں کے لیے ضروری ہے:ایمی کلبوچر

امریکی سینٹر ایمی کلبوچر کا کہنا ہے کہ اقتصادی طور پر مستحکم پاکستان امریکا اور اقوام عالم دونوں کے لیے ضروری ہے۔

ایمی کلبوچر نے ممتاز ڈیموکریٹک رہنما طاہر جاوید اور معروف اٹارنی نعمان حسین کی جانب سے ہیوسٹن میں منعقدہ اپنے اعزاز میں دیے گئے ظہرانہ کے موقع پر خطاب میں کہا کہ پاکستان کے اقتصادی استحکام کے لیے آئی ایم ایف کی جانب سے قرضوں کی جلد از جلد فراہمی ضروری ہے اور میں اس مقصد کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کروں گی۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات دونوں ملکوں کے بہترین مفاد میں ہیں، رواں سال فروری میں دورۂ پاکستان کے دوران پاکستانی حکومت اور اسٹبلشمنٹ کی جانب سے پاک امریکا تعلقات میں بہتری کے لیے نیک نیتی کا جذبہ نظر آیا۔

اس موقع پر پاکستانی امریکی ڈیمو کریٹک رہنماؤں طاہر جاوید اور معروف اٹارنی نعمان حسین بتایا کہ ہم نے پاک امریکا تعلقات کے استحکام اور آئی ایم ایف سے پاکستان کے لیے قرضوں کی جلد از جلد فراہمی کے لیے اراکین کانگریس کے بعد امریکی سنیٹرز سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی شروع کردیا ہے۔

اُنہوں نے مزید بتایا کہ یہ ملاقات بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس میں پاکستانی امریکی رہنماؤں نے امریکی سنیٹر سے پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات میں بہتری اور پاکستان کے لیے آئی ایم ایف سے قرضوں کی فراہمی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے۔