ٹونگا کے سمندری علاقے میں 7.1 شدت کے زلزلے کے بعد سونامی وارننگ جاری کردی گئی

بحرالکاہل میں نیوزی لینڈ کے قریب واقع ملک ٹونگا کے سمندری علاقے میں 7.1 شدت کے زلزلے کے بعد سونامی وارننگ جاری کردی گئی۔

یو ایس جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق ٹونگا کے دوسرے بڑے شہر نیافو کے مشرق میں 207 کلومیٹر دور واقع سمندری علاقے میں 7.1 شدت کے زلزلے کو ریکارڈ کیا گیا۔

زلزلے کے بعد پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر (پی ٹی ڈبلیو سی) نے سونامی کی وارننگ جاری کی۔

پی ٹی ڈبلیو سی کے مطابق زلزلے کے باعث بننے والی خطرناک سونامی لہریں ٹونگا کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا سکتی ہیں۔

اس وارننگ کے بعد ٹونگا کے ساحلی علاقوں پر موجود افراد محفوظ مقامات کی جانب منتقل کیے جارہے ہیں۔

خیال رہے کہ جنوری 2022 میں ٹونگا کے دارالحکومت سے 65 کلومیٹر دور زیرسمندر آتش فشاں پھٹنے کے بعد 7.4 شدت کا زلزلہ آیا تھا اور سونامی کا سامنا ہوا تھا۔

سمندر میں آتش فشاں پھٹنے کا منظر خلا سے بھی دیکھا گیا تھا اور سیٹلائٹ تصاویر بھی سامنے آئیں تھیں۔