اسلام آباد میں بلا اجازت احتجاج کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی

اسلام آباد پولیس نے خبردار کر دیا ہے کہ اسلام آباد میں بلا اجازت احتجاج کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

تر جمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ جن سیاسی کارکنان کی شناخت اورمقدمات درج ہیں ان کی گرفتاری کیلئے کارروائی کررہے ہیں۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق اسلام آباد ائیرپورٹ کے راستے کھلے رکھے جائیں گے، قانون نافذ کرنے والے ادارے راستوں کی نگرانی کریں گے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس نے شہریوں کو آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ سفر شروع کرنے سے پہلے شاہراہوں کی صورتحال جاننے کیلئے پکار 15 پر کال کریں۔

ترجمان پولیس نے کہا کہ سیاسی جماعت کے رہنماؤں نے اسلام آباد آمدورفت کے راستے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق انتظامیہ سے اجازت کے ساتھ مختص مقام پر احتجاج کیا جائے، راستوں کی بندش سے اسلام آباد کے شہریوں، طلبا اور مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز سابق وزیر دفاع و پاکستان تحریک انصاف کے رہنما پرویز خٹک نے اعلان کیا تھاکہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکن رات سے اسلام آباد کے داخلی وخارجی راستے بند کریں گے۔