جعلی اکاؤنٹ کھلوا کر بینک فراڈ میں ملوث اشتہاری ملزم گرفتار

جعلی بینک اکاؤنٹ کھلوا کر شہریوں سے فراڈ میں ملوث اشتہاری ملزم کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کمرشل بینکنگ سرکل نے کراچی سے گرفتار کر لیا ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر کمرشل بینکنگ سرکل کراچی علی مراد کے مطابق ان کی زیرِ نگرانی چھاپہ مار کارروائی میں بینکنگ فراڈ میں ملوث اشتہاری ملزم محمد فیاض کو گرفتار کیا گیا۔

علی مراد کا کہنا ہے کہ ملزم نجی بینک میں جعلی اکاؤنٹس کھلوانے میں ملوث تھا، ملزم نے نجی بینک اسٹاف کی ملی بھگت سے شکایت کنندہ کے نام پر جعلی بینک اکاؤنٹ کھلوایا، ملزم نے جعلی چیک بک حاصل کر کے مختلف رقوم کے چیک جاری کیے جو کہ بعد میں باؤنس ہو گئے تھے، ملزم کے خلاف مقدمے کے اندراج کے لیے عدالت نے آرڈر جاری کر دیا ہے۔

ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق ملزم محمد فیاض کے خلاف سال 2020ء میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، گزشتہ 2 سال سے روپوش ملزم کو کراچی سے گرفتار کیا گیا، ملزم سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔