سندھ اور پنجاب کے بعد وفاقی دارالحکومت میں بھی دفعہ 144 نافذ

کراچی: پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے پیش نظر سندھ اور پنجاب کے بعد وفاقی دارالحکومت میں بھی دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔

اسلام آباد میں دفعہ 144 دو ماہ کے لیے نافذ کی گئی ہے جس کا دائرہ ریڈ زون کے ایک کلو میٹر تک بڑھا دیا گیا ہے، دفعہ 144مختلف شاہراہوں تک بڑھایا گیا ہے۔

تھرڈ ایونیو، مری روڈ، خیابان سہروردی، جناح ایونیو، ایمبسی روڈ اور سرینہ چوک ڈھوکری چوک پر بھی دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔

سندھ

محکمہ داخلہ سندھ نے کراچی سمیت صوبے بھر میں ایک ماہ کے لیے دفعہ 144نافد کی ہے۔

صوبے بھر میں جلسے، جلوس، ریلیوں اور عوامی اجتماعات پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 144 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے بھر میں دفعہ 144نافد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے تحت 5 یا زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہوگی۔

پنجاب

دوسری جانب، مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ پنجاب میں بھی دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔